ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / بی جے پی کی نظر صدارتی انتخابات پر:سی پی آئی

بی جے پی کی نظر صدارتی انتخابات پر:سی پی آئی

Sat, 18 Feb 2017 10:55:08  SO Admin   S.O. News Service

لکھنؤ،17فروری(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا) کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا(سی پی آئی) کے قومی سکریٹری اتل کمار انجان نے آج کہا کہ صدر کے آئندہ انتخابات میں اپنی پسند کا امیدوار جتانے کیلئے مطلوبہ تعدادکوپوراکرنے کے لئے ہی بی جے پی اترپردیش اسمبلی انتخابات کو زندگی اورموت کے سوال کے طور پر دیکھ رہی ہے۔انجان نے یہاں بات چیت میں کہا کہ اتر پردیش اسمبلی انتخابات کے نتائج آئندہ جولائی میں ہونے والے صدارتی انتخابات کے نتائج کا فیصلہ کرنے کے لحاظ سے بے حد اہم ہوں گے۔بی جے پی دراصل آر ایس ایس کے پس منظر والے کسی شخص کو ملک کے اعلی ترین آئینی عہدے پر بٹھانا چاہتی ہے۔اس وقت بی جے پی کو صدارتی انتخابات میں اپنا امیدوار جتانے کیلئے ممبران اسمبلی کے قریب دو لاکھ ووٹوں کی ضرورت ہو گی۔انہوں نے کہا کہ اس کے پیش نظریوپی،پنجاب اور اتراکھنڈ کے اسمبلی انتخابات کے نتائج صدارتی انتخابات کے نتائج پر فیصلہ کن اثر ڈالیں گے، لہٰذا بی جے پی کے منصوبوں کی کامیابی کیلئے ان ریاستوں میں اس کا الیکشن جیتنا انتہائی ضروری ہے۔سی پی آئی لیڈر نے کہا کہ یہی وجہ ہے کہ وزیر اعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کے تمام وزیر اترپردیش اسمبلی انتخابات کو جینے مرنے کی لڑائی کے طور پر لیتے ہوئے پروپیگنڈے میں اپنی پوری طاقت جھونک رہے ہیں۔


Share: